وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں مہنگائی کے سدباب کے لئے مؤثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف موثر مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے ضروری اشیائے خورو نوش کی طلب و رسد کی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے کارروائی کی ہدایت کی ۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم کی ذاتی نگرانی کا حکم دیا ۔
مریم نواز نے فوڈ اتھارٹی کو کھانے پینے کی اشیاء کا معیار یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا ۔۔ ان کا کہنا تھاکہ رمضان المبارک میں پھلوں اورسبزیوں کی فراہمی اورنرح کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ نرخ بڑھانے والوں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کی جائے ۔ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ تاجربرادری غریب عوام کا احساس کرے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں رمضان کے دوران اشیاء کے نرخ کم کئے جاتے ہیں ۔ ہمیں بھی رضاکارانہ طور پر نرخ کم کرنے چاہیے ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازاروں میں مارکیٹ سے کم نرخ پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈیش بورڈ پر اشیاء خورد ونوش کے نرخ میں خود بار بار چیک کر رہی ہوں۔