پاکستان اور روانڈا کے درمیان سمندری تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا روانڈا کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی بحری ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار اور روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جے پی کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سمندری تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار نے روانڈا کے وزیر خارجہ کو سمندری راستوں کی اہمیت سے آگاہ کیا اور پاکستان کی بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان شپنگ لائن قائم کرنے کے امکان پر بات چیت کی۔
روانڈا کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی بحری ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ روانڈا پاکستان کے ساتھ سمندری تجارت کے فروغ کے لیے شراکت داری قائم کرنے کا خواہاں ہے۔
جنید انوار کا کہنا تھا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ سمندری تجارت میں تعاون کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔