خیبرپختونخوا میں آپریشن کے دوران خوارج کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا،اس کارروائی پر اعلیٰ حکام نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران خوارج کے سرغنہ سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنۂ خوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک خوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔ چھ دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے پر فورسز کو شاباش دی اور کہا کہ قوم کو اپنی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے یہ آپریشن ملک میں قیامِ امن کیلئے جاری مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔