سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے اگنائٹ کو ورچوئل پروڈکشن سٹوڈیو کی بولی کا عمل روکنے کی ہدایت کر دی ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کا اجلاس ہو جس دوران اگنائٹ،ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو کے قیام کیلئے بولی عمل سے متعلق کمیٹی کومطمئن کرنے میں ناکام ہو گئی جس پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے اگنائٹ کو ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو کی بولی کا عمل روک دیا ۔
کمیٹی نے ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو منصوبے میں تاخیر سے متعلق سماء کی خبر پر نوٹس لیا تھا ۔ کمیٹی ارکان نے استفسار کیا کہ پہلی بولی میں کامیاب بولی دہندہ کمپنی کو کس بنیاد پر دوسری بولی سےآؤٹ کیا؟ اگنائٹ حکام نے کہا کہ این ٹی ایس یو کیوب کی مالی حیثیت آر ایف پی کے مطابق نہیں تھی۔
نمائندہ کمپنی نے کہا کہ این ٹی ایس کیوب اسٹوڈیو کنسورشیم کی مالی حیثیت ایک ارب سے زائد بنتی ہے، آرایف پی میں صرف 20 کروڑکی مالی حیثیت کا تقاضا کیا گیا تھا، قائمہ کمیٹی آئی ٹی کے ممبران نے اگنائٹ کے اعتراض کو مسترد کردیا ۔
انوشہ رحمان نے کہا کہ بتائیں پہلی بولی میں این ٹی ایس کیوب اسٹوڈیوکی کامیابی کے انہیں پراجیکٹ کیوں نہیں دیاگیا؟ پیپرا رولز میں اکلوتی کمپنی کو بولی میں کامیابی پر پراجیکٹ دینے کی کوئی ممانعت نہیں، اگنائٹ کو ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو کا پراجیکٹ این ٹی ایس کیوب اسٹوڈیو کو دینا چاہیے تھا،
ایگزیکٹو اگنائٹ عدیل اعجاز کا کہناتھا کہ صحت مند مقابلےکے لیے دوبارہ بولی کا فیصلہ کیا تھا۔ چیئرپرسن آئی ٹی کمیٹی پلوشہ خان اور ممبران نے اگنائٹ کے موقف کو مسترد کردیا ۔
سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہناتھا کہ محسوس ہوتا ہے پہلی بولی میں ناکام قرار پانے والی دونوں کمپنیز کو موقع فراہم کیا گیا، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کار اس لیے نہیں آتے کہ من پسند افراد کو نوازا جاتا ہے۔
کمیٹی ارکان نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بولی میں ناکام دونوں کمپنیز کو کس بنیاد پر کامیاب قرار دیا گیا؟ اگنائٹ حکام کے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر قائمہ کمیٹی کا متفقہ طور پر بولی عمل روکنے کا فیصلہ کیا۔
قائمہ کمیٹی نے ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو کے معاملہ پرآئندہ ہفتے اجلاس دوبارہ طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرپرسن نے کہا کہ اگنائٹ حکام ورچوئیل ٹیکنالوجی کے ماہر نہیں انہوں نے تکنیکی جائزہ کیسےلیا؟
انگائٹ حکام نے کہا کہ ہم نے ورچوئل ٹیکنالوجی کو سال ڈیڑھ سال تک سمجھا ، سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ سمجھنے سے تو کوئی ٹیکنالوجی پر ماہر نہیں بن جاتا۔