خلیج بنگال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کا کہنا ہے کہ آج (منگل کی) صبح 6 بج کر 10 منٹ پر خلیجِ بنگال میں زلزلے کے جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی۔
این سی ایس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کا مرکز خلیج بنگال میں زیر زمین 91 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ماہرین کے مطابق اگر زلزلے کا مرکز سطحِ زمین سے بہت نیچے ہو تو اس کا اثر کم ہوجاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر زلزلے کا مرکز سطح سے 5 سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں ہو تو اس کے اثرات سے نقصان کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔ تاہم یہ زلزلے کی شدت پر منحصر ہے۔