سلامتی کونسل میں یوکرین میں امن کیلئے امریکی قرارداد منظور کرلی گئی۔
قرارداد میں روس مخالف تمام یورپی ترامیم مسترد کردی گئیں۔ امریکا، روس، چین اور پاکستان سمیت 10 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ فرانس، برطانیہ سمیت پانچ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
امریکی قرارداد میں کہا گیا کہ تنازع کا فوری خاتمہ اور یوکرین روس کے درمیان دیرپا امن قائم کیا جائے۔ اقوام متحدہ کا مرکزی کردارعالمی امن اورتنازعات کے خاتمے کو ممکن بنانا ہے۔ قرارداد میں جنگ سے ہلاکتوں پراظہارافسوس بھی کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی اور فرانسیسی صدور کی واشنگٹن میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ چند ہفتوں میں ختم ہوسکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ یوکرین میں امن کیلئے یورپی فوج بھیجنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ آئندہ ہفتے یوکرینی صدرسے ملاقات ہوسکتی ہے۔ ماسکو جانے کیلئے بھی تیارہوں۔
فرانسیسی صدر نے کہا یوکرین کو سلامتی کی ضمانت دینے کو تیار ہیں۔ امن مشن میں یورپی فوجیوں کوشامل کرسکتے ہیں۔ یورپی افواج فرنٹ لائن پر نہیں ہوں گی۔