جدید ٹیکنالوجی سے مقامی تیل کی یومیہ پیداوار میں 10 ہزار بیرل کا نمایاں اضافہ ہوگیا۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے مقامی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا آغاز کردیا۔ جس سے یومیہ تیل کی پیداوار میں 10 ہزار بیرل اضافہ ہوگیا۔
اوجی ڈی سی ایل حکام کے مطابق کمپنی نے12 تیل کے کنوؤں پر نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کا آغاز کیا، ٹیکنالوجی کے استعمال سے تیل کے کنوؤں سے 5 ہزار بیرل سالانہ گراوٹ روک دی گئی۔ پرانے کنوؤں سے 5 ہزار بیرل پیداوار ٹیکنالوجی کی مدد سے بڑھائی گئی۔
حکام کے مطابق تیل کی یومیہ مقامی پیداوار 26 ہزار بیرل سے بڑھ کر 36 ہزار بیرل ہوگئی، اوجی ڈی سی ایل کے ای ایس پی ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ ممکن ہوا۔
اعلامیے کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال سے یومیہ تیل کی پیداوار 50 ہزار بیرل تک پہنچانے کا ہدف ہے، مزید 14 کنوؤں پر ٹیکنالوجی کا پلان تیار ہے، 18پر اسٹڈی جاری ہے۔ دو سال میں 47 کنوؤں پر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
اوجی ڈی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کے تیل و گیس کے ذخائر سالانہ سات فیصد گر رہے تھے، تیل و گیس کے گرتے ذخائر کو روکنے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کافیصلہ کیا گیا۔
گیس کے شعبے میں پیداوار بڑھانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر اسٹڈی جاری ہے، گیس ذخائر کی رکاوٹ روکنے کے ساتھ پیداواری ہدف ایک ہزار ایم ایم سی ایف ڈی ہے، دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام جاری ہے۔