آسٹریلیا کے بیٹر جوش انگلس نے لاہور کے شائقین کرکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شائقین کے جوش نے میچ کو مزید یادگار بنا دیا۔
انگلینڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹر جوش انگلش نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ میتھیو شارٹ اور مارنس لبوشین کے درمیان پارٹنرشپ ہمارے لیے بہت اہم ثابت ہوئی۔
آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ ہم نے آج کا میچ بہترین انداز میں کھیلا اور ہمیں یقین تھا کہ اگر ہم ہدف کے قریب پہنچ گئے تو میچ جیت جائیں گے۔
انگلس نے لاہور کی وکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیٹرز کے لیے بہت شاندار ہے اور اسی وجہ سے ہم 352 رنز کا ہدف عبور کر سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا اپنے گروپ میں سرفہرست رہ کر 5 مارچ کو لاہور میں سیمی فائنل کھیلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم تھا کہ اتنا بڑا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا لیکن ہماری بیٹنگ لائن پر ہمیں مکمل بھروسہ تھا۔
چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں سنبھلنے کا موقع بہت کم ملتا ہے اس لیے ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں۔
اپنی سنچری کو خاص قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت اہم لمحہ تھا جو ایک نازک موقع پر آیا اور میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اگلے میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے خلاف پہلے بھی کھیل چکے ہیں اور اگلے میچ کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، راشد خان ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے۔
جوش انگلس نے لاہور کے شائقین کی تعریف کی اور کہا کہ آج قذافی اسٹیڈیم کا کراؤڈ شاندار تھا اور یہاں میچ کھیل کر بہت لطف آیا جبکہ شائقین کے جوش نے میچ کو مزید یادگار بنا دیا۔