آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج دبئی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، جبکہ پاکستانی شائقین نے بڑی اسکرینوں پر میچز دیکھنے کیلئے تیاریاں کرلیں۔
پاکستان اور بھارت ہی نہیں دنیا بھر میں فینز لائیو ایکشن کے منتظر ہیں۔ میچ کی تمام ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ بک گئی۔ میچ دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ جیتنےوالی ٹیم پوائنٹس لینے کے ساتھ کروڑوں دلوں پرراج کرے گی۔
پاکستان سے بابر اور رضوان بڑا اسکور کرنے کو تیار ہیں تو بھارت کے پاس روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے ہتھیار موجود ہیں۔ شاہین شاہ اور نسیم وکٹیں اڑانے کو تیار ہیں تو شامی نے بھی پلٹ کر وار کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ دونوں ٹیمیں 2023 کے بعد پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اس بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آخری تیاریوں کے طور پر پریکٹس کی۔ بابر اعظم ٹریننگ کے لیے باہر نہیں آئے، انہوں نے ہوٹل میں ہی فزیکل ٹریننگ کی۔
گروپ اے میں پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے، جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلا دیش کو شکست دی۔ شکست کی صورت میں گرین شرٹس بڑے خطرے سے دوچار ہوں گے۔
ہیڈ کوچ عاقب جاوید کہتے ہیں پریشر برداشت کرنا ہی اصل امتحان ہے۔ ہماری فاسٹ بولنگ دیگر ٹیموں سے زیادہ موثر ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 135 میچز ہوئے، پاکستان نے 73 جبکہ بھارت نے 53 میچز میں کامیابی حاصل کی، چیمپئنز ٹرافی میچز میں بھی پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، گرین شرٹس نے 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے، بھارت 2 میچز جیتا ہے۔
اسلام آباد میں بڑی اسکرینز پر پاک بھارت میچ دکھانے کی تیاریاں کرلی گئیں، پارک ویو سٹی اور نجی شاپنگ سینٹرز میں بڑی اسکرینز لگادی گئی ہیں۔
فیصل آباد میں کرکٹ لوورز میچ دیکھنے کیلئے بڑی اسکرینز لگا رہے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی پاک بھارت بڑا معرکہ دکھانے کیلئے اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب پُراُمید ہیں کہ آج کا میچ پاکستان جیتے گا۔ اسلام آباد میں سماء کے نمائندہ خصوصی عثمان خان سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم ہمیشہ دل سے کھیلتی ہے، ہمیں چاہئے کہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
بھارت کو ہراؤ ایک کروڑ کا انعام جیتو، گورنر سندھ نے بڑے ٹاکرے سے پہلے پاکستان ٹیم کیلئے خزانے کے منہ کھول دئیے۔ کامران ٹیسوری نے کہا وہ ابھی لندن میں ہیں لیکن دل پاکستانی ٹیم کیلئے دھڑک رہا ہے۔
پاک بھارت میچ پر سیاستدان بھی قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کیلئے پُرعزم ہیں، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کہتے ہیں انشاء اللہ اس بار پاکستان کرکٹ ٹیم ضرور کامیاب ہوگی۔
میئر کراچی بھی پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئے پُرجوش ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔ منعم ظفر خان کا کہنا ہے ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی سمیع اللہ کا قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، کہا امید ہے قومی ٹیم اچھا کھیلے گی اور ہمیں مایوس نہیں کرے گی۔