لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ تدفین آج بیروت میں ہوگی۔
حسن نصراللہ 27 ستمبر 2024 کو اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے اور تقریباً پانچ ماہ بعد ان کی باضابطہ تدفین ایک بڑے عوامی اجتماع کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان کے جانشین ہاشم صفی الدین جو اکتوبر 2024 میں شہید ہوئے ان کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس نے حزب اللہ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ نماز جنازہ بیروت کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہوئی جس کے بعد دونوں رہنماؤں کو ائیرپورٹ روڈ کے قریب سپرد خاک کیا جائے گا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تقریب میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور دنیا بھر سے سوگوار بیروت پہنچے۔
لبنان میں سکیورٹی ہائی الرٹ پر ری کیونکہ اسرائیلی حملوں کا خطرہ موجود تھا۔
حزب اللہ کے نئے سربراہ نعیم قاسم نے اس موقع کو "مزاحمت کی علامت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع دشمن کو پیغام دے گا کہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ حزب اللہ نے اسرائیل اور امریکا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، مزاحمت کا حق ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا، خطے میں اسرائیل کا اثر و روسوخ کبھی برقرار نہیں رہے گا اور غزہ کی حمایت فلسطین کی آزادی میں ہمارے یقین کا حصہ ہے۔
حسن نصراللہ کو شہادت کے بعد عارضی طور پر خفیہ مقام پر دفن کیا گیا تھا لیکن آج ان کی تدفین عوامی سطح پر مکمل کی جائے گی۔