انسداد دہشتگردی عدالت نوشہرو فیروز نے جی ڈی اے رہنما غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی ضمانت منظور کرلی۔
عام انتخابات کے دوران مورو کی پولنگ اسٹیشن علی بخش سولنگی میں فائرنگ کے واقعہ میں قتل ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بلاول زرداری کیس میں نامزد جی ڈی اے رہنما غلام مرتضیٰ خان جتوئی کو دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی۔
جی ڈی اے رہنما غلام مرتضیٰ خان جتوئی کے وکیل گلزار عالمانی،عبداللہ خان کورائی کے مطابق متعلقہ عدالت نے ایک روز قبل غلام مرتضیٰ خان جتوئی کو پولیس کسٹڈی میں دیا تھا۔ لیکن جیل انچارج نے انکو رات گئے حیدرآباد نارا جیل منتقل کردیا تھا اور آج انکو پیش بھی نہیں کیا گیا اس معاملے پر جج صاحب نے جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔
جیل انچارج نوشہروفیروز کا کہنا تھا کہ غلام مرتضیٰ خان جتوئی کو آئی جی جیل خانہ جات کے حکم پر حیدرآباد نارا جیل منتقل کیا گیا تھا۔ غلام مرتضیٰ خان جتوئی کے وکیل نے مزید یہ بھی بتایا کہ ضلع لاڑکانہ کے مختلف تھانوں پر 2 مزید کیس کی ضمانت حاصل کرنے کے لئے وکلا کی ٹیم لاڑکانہ میں موجود ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 70 سالا بزرگ سیاستدان کی زندگی کو خطرہ ہے ان کو ادویات کی رسائی بھی نہیں دی جارہی۔