چیمپئنز ٹرافی سے قبل بابر اعظم سے پہلی پوزیشن چھن گئی، بھارت کے شبمن گل ٹاپ بیٹر بن گئے۔
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے قبل پلیئرز رینکنگ جاری کردی، پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے، بھارت کے شبمن گل ون ڈے کے نمبر ون بیٹر بن گئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے شبمن گل 796 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئے جبکہ سابق پاکستانی کپتان بابراعظم کے 773 رینکنگ پوائنٹس ہیں، وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر چلے گئے۔
بھارت کے روہت شرما کی تیسری، جنوبی افریقا کے اینرک کلاسن ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے اور ڈیرل مچل دو درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے۔
پاکستانی اوپنر فخر زمان ایک درجہ تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے، محمد رضوان 6 درجہ بہتری کے بعد 15 ویں نمبر پر آگئے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے سہ فریقی سیریز کے 3 ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر 62 رنز بنائے تھے۔