سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کین ولیمسن اور ڈیرل مچل کو خطرناک قرار دیدیا۔ بابر کا کہنا ہے کہ ولیمسن کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل گفتگو میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اپ بہت اچھی ہے، ان کے اوپنرز اچھا کھیلتے ہیں، نیوزی لینڈ کے اہم پلیئرز میں ولیمسن اور ڈیرل مچل ہیں، یہ دونوں پورا گیم چلاتے ہیں، وہ گیم کو بہت اچھا سمجھتے ہیں اور حریف پر حاوی ہوجاتے ہیں، کین ولیمسن کسی بھی وقت پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھ پر کوئی پریشر نہیں، ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے ٹیم کیلئے بہتر پرفارم کروں، ماضی کی باتیں بھلا کر نئے دن کیلئے تیار ہیں، 2017ء سے اب تک بہت کچھ بدل چکا ہے لیکن ہمارا عزم وہی ہے، 2017ء کی بہترین یادوں میں فخر کی سنچری، عامر کا اسپیل اور میچ کے آخری لمحات ہیں، اس اسکواڈ کے کچھ پلیئرز آج بھی موجود ہیں۔
بابر نے کہا کہ پاکستان میں طویل عرصے بعد آئی سی سی ایونٹ ہو رہا جس پر ہر کوئی پُرجوش ہے، ٹیم کا آپ پر انحصار کرنا ایک مثبت احساس دیتا ہے، پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج ہوگا، پاکستان میں کرکٹ ہر کسی کو متحد کرتا ہے، ہر کوئی پاکستان کی فتح کیلئے دعا گو ہوتا ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مضبوط ہے، ان کی ٹیم میں صرف ایک پلیئر کو ہدف نہیں بناسکتے، ان کے کئی پلیئرز اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن، ڈیرل مچل اور گلین فلپس اچھا کھیل رہے ، ان کی وکٹیں اہم ہوں گی، جو اس وقت اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا، اگر ہم اہم موقع پر وکٹ لیں تو ٹیم کو فائدہ مل سکتا ہے۔