خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کے لئے شہریوں سے مدد مانگ لی۔ اطلاع دینے والوں کےلیے ٹول فری نمبر جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کے لئے اطلاع دینے والوں کے لئے ٹول فری نمبر جاری کردیا، صوبائی حکومت نے ٹول فری نمبر 1700 جاری کردیا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنا فرض نبھائیں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کریں، رضا کارانہ طور پر انخلا کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2023 مقرر ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا قیام مزید ممکن نہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ افغان عبوری حکومت کو مہاجرین کی واپسی پراعتماد میں لیا ہے، غیرقانونی تارکین وطن کو واپس بھجوانے کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم افغان حکام کےساتھ مکمل رابطے میں ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی سیکیورٹی اور معیشت کی خاطر فیصلہ کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دوست ملک نےافغان شہریوں کو اپنے ملک لے جانے کیلئے درخواست کی ہے۔ وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بعد ان کو بھجوایا جائے گا۔ مزید کہا کہ جو لوگ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق سزا مقرر ہے۔