کراچی کے نادرا میگا سینٹر ناظم آباد میں بھی پاسپورٹس آفس کھل گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ بنوانے والوں کو بڑی خوشخبری سنادی، جس سے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے شہریوں کی سہولت کیلئے بڑا اقدام اٹھالیا، نادرا میگا سینٹر ناظم آباد میں بھی پاسپورٹ آفس کھل گیا ہے۔
محسن نقوی نے نادرا میگا سینٹر ناظم آباد میں قائم نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا ہے، یہ پاسپورٹ آفس 3 شفٹ میں 24 گھنٹے کام کرے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی، انہوں نے نادرا سینٹر میں آئے شہریوں سے پراسیس اور سہولت کے بارے میں بھی پوچھا۔
دوسری جانب شہریوں نے بہترین سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اچھی سہولت ملی ہے، آپ نے ہمارے لئے بہت آسانیاں پیدا کردی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بی آئی ایس پی کیلئے بایومیٹرک کرانیوالی خواتین کے مسائل بھی سُنے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو خواتین کے مسائل حل کرنے کی ہدایات دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، محسن نقوی کو نادرا سینٹر میں قائم پاسپورٹ آفس کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی مصطفیٰ جمال قاضی اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔