حماس نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کے پیش نظر یرغمالیوں کی رہائی تاحکم ثانی روکنے کا اعلان کر دیاہے ۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں یرغمالیوں کی رہائی روکنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں میں جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیاں کی ہیں جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی میں تاخیر اور امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شامل ہے ۔
حماس کا کہناتھا کہ مزاحمتی گروہوں کی جانب سے معاہدے کی مسلسل پاسداری کی جارہی ہے لیکن اسرائیل فلسطینیوں کے شمالی غزہ میں لوٹنے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہاہے جبکہ ان پر بمباری بھی کی جارہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ رہائی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیل معاہدے میں طے شدہ نکات پر عمل نہیں کرتا اور اس حوالے سے ہونے والے نقصان کی تلافی نہیں کرتا۔
حماس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں طے شدہ تعداد کے مطابق خیمے اور پہلے سے تیار گھر داخل ہونے نہیں دیے جبکہ اسرائیل سڑکیں کھولنے اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی غزہ میں داخل نہیں ہونے دے رہا۔