نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی غیر قانونی غیر ملکی ہیں ان کا انخلا ہوگا اور اس بات کو قوم پرستی کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کیا مغربی ممالک آپکو بغیر دستاویز اپنے ملک میں سفر کی اجازت دیں گے، اگرمغربی ممالک بغیر دستاویزات اجازت نہیں دیتے تو ہم کیوں دیں۔
نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یکم نومبر کے بعد پاکستان میں سفر صرف پاسپورٹ اور ویزا پر ہوسکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کل غیرملکیوں سے متعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس بلایا ہے جس میں پارلیمٹرینز کو غیرملکیوں کے انخلا سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرستی سے زیادہ اہم پاکستان پرستی ہے اور جو بھی پاکستان کے مفاد میں ہوگا وہ فیصلہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انخلا کے حوالے سے تاریخ میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔