اسرائیل کی جانب سے شامی فوجی ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 8 شامی فوجی شہید ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے جنوب مغربی شام میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 فوجی شہید ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں 7 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اس سے قبل کہا تھا کہ شام کی جانب سے اسرائیل کی جانب راکٹ داغے گئے تھے جس کے رد عمل میں اس کے جیٹ طیاروں نے بدھ کی صبح شامی فوج کے ٹھکانوں اور مارٹر لانچروں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جس میں حزب اللہ کے دو اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ وسیع تر علاقائی انتشار پیدا کرے گی اور خاص طور پر شام اور لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کے ساتھ موجودہ کشیدگی کو مزید بھڑکا دے گی۔
خیال رہے کہ شام میں ایک دہائی سے زیادہ کی جنگ کے دوران اسرائیل نے اپنے شمالی پڑوسی ملک پر سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں جن میں بنیادی طور پر ایران کی حمایت یافتہ فورسز اور لبنانی حزب اللہ گروپ کے جنگجوؤں کے ساتھ ساتھ شامی فوج کی پوزیشنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔