انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے ڈی چوک احتجاج پر اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہرعباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مختلف تھانوں میں درج پندرہ مقدمات میں عبوری ضمانت کی چھیاسی درخواستوں پر سماعت کی۔
سلمان اکرم راجہ، شیر افضل مروت، علی بخاری، روف حسن اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بشریٰ بی بی، عالیہ حمزہ اور زرتاج گل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائرکی گئیں۔
وکیل درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں، کیس کے تفتیشی افسر کو جیل میں بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو تفتیش کے مراحل میں تعاون کی ہدایت دی جائے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی تین مقدمات میں سات مارچ جبکہ تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں بارہ مارچ تک توسیع کر دی ۔
تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں بارہ مارچ تک جبکہ بشری بی بی، سلمان اکرم راجہ، علی بخاری کی تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ کی عبوری ضمانت میں 17 مارچ تک توسیع کی گئی۔
تھانہ کوہسار میں بشریٰ بی بی، عالیہ حمزہ، سلمان اکرم راجہ ،شعیب شاہین ،نادیہ خٹک ،روف حسن اور عبدالقیوم نیازی کی عبوری ضمانتوں میں 17 مارچ تک توسیع کی گئی ہے۔