چیمپئنز ٹرافی کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 100 فیصد ترقیاتی کام ہوگئے، تماشائیوں کی گنجائش 28 ہزار ہوگی، تمام انکلوژرز میں کرسیاں اور گراؤنڈ میں دو بڑی ڈیجیٹل اسکرینیں بھی نصب کردی گئیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کے اپ گریڈیشن پراجیک ہیڈ بلال چوہان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیڈیم کا 100 فیصد کام مکمل کرلیا گیا، ڈیجیٹل اسکرین، فلڈ لائٹس ٹاورز اور بلڈنگ کا کام بھی مکمل ہوگیا، پیٹرن انکلوژرز کا کام بھی مکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اسکرین کے پیچھے بیٹھے والے تماشائیوں کو تھوڑی پریشانی ضرور ہوگی، اسٹیڈیم کی ہر چیز اسٹیٹ آف دی آرٹ بنائی گئی ہے، پرانی بلڈنگ میں موجود کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز پلاٹینم باکسز میں تبدیل ہو جائیں گے۔
بلال چوہان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی مسلسل ہم سے رابطے میں ہے، اسکرین کی اونچائی پہلے سے زیادہ ہے، ایک ڈیجیٹل اسکرین 30 فٹ چوڑی اور 80 فٹ لمبی جبکہ دوسری 22 فٹ چوڑی اور 37 فٹ لمبی ہے، تمام 6 کھمبوں پر فلڈ لائٹس بھی لگا دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پارکنگ ایریا 2700 گاڑیوں کا بنانا تھا مگر ابھی 2200 گاڑیاں کھڑی ہوسکیں گی، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش 28 ہزار ہوگی، اسٹیڈیم کے بیرونی حصوں پر بھی بیوٹیفیکیشن کا کام کیا جائے گا، پویلین کے ساتھ خالی ایریا پر برانڈنگ کی جائے گی۔
بلال چوہان کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی نیو بلڈنگ کو پویلین اینڈ جبکہ پرانی بلڈنگ کو کارساز اینڈ کا نام دیا گیا ہے، تمام انکلوژر پر نشستیں لگادی گئی ہیں۔