آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں دبئی میں شیڈول پاک بھارت کرکٹ میچ کے ٹکٹ ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیسے ہی ٹکٹ بک کرنے کا وقت شروع ہوا تو دونوں ملکوں کے شائقین کے درمیان آن لائن ٹکٹ بک کرنے کی ریس لگ گئی اور پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کیلئے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہوتے ہی بکنگ ویب سائٹ پر رش لگ گیا، تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار فینز نے آن لائن ٹکٹ کے حصول کیلئے دلچسپی ظاہر کی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں 23 فروری کو دبئی میں شیڈول پاکستان اور بھارت کے میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔
بہت سے شائقین نے ٹکٹ نہ ملنے کا شکوہ کیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ وہ پاک بھارت میچ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکیں گے۔
دبئی میں ہونے والے اس اہم میچ کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 درہم (38 ہزار پاکستانی روپے) تھی جبکہ 12 ہزار 500 درہم (9لاکھ 50 ہزار روپے) کا مہنگا ترین پاس بھی رکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ایک ہزار، 1200(91 ہزار)، 2500 (ایک لاکھ 90 ہزار)، 5000 درہم (3 لاکھ 80 ہزار روپے) کا ٹکٹ بھی فروخت کیلئے پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، ایونٹ 9 مارچ تک جاری رہے گا۔
چیمپئنز ٹرافی میں 8 ممالک کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں منعقد ہوں گے، تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، بھارتی ٹیم اپنے سارے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گی۔