جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر پیونی جج اسلام آباد ہائیکورٹ بن گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تقرریوں کے بعد سینیارٹی لسٹ بھی تبدیل ہوگئی ہے اور جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر پیونی جج اسلام آباد ہائیکورٹ بن گئے ہیں جبکہ جسٹس محسن اخترکیانی سینیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا تیسرا اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کا چوتھا نمبر ہے جبکہ جسٹس بابرستار کا سینیارٹی لسٹ میں 5 واں نمبر ہوگا۔
جسٹس سردار اسحاق خان چھٹے، جسٹس ارباب محمد طاہر ساتویں اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز آٹھویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
سینیارٹی لسٹ میں جسٹس خادم حسین نویں اور جسٹس اعظم خان دسویں نمبر پر ہیں جبکہ جسٹس آصف کا گیارہواں اور جسٹس انعام امین منہاس کا 12 واں نمبر ہے۔
ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کردی گئی ہے جو سینئیر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ہوگئی۔
اس حوالے سے چیف جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
انتظامی کمیٹی
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی بھی تبدیل کی گئی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کےچیئرمین ہوں گے اور سینئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو ممبران ہوں گے۔
چیف جسٹس کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔