بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے بارے میں ہماری طرف سے کوئی خاص ذکر نہیں ہوگا، اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرینگے۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کہتے ہیں کہ یہ سوچ کر نہیں جارہے کہ 23 فروری کو سب سے اہم میچ ہے، دبئی میں ہمارا مشن چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی سے قبل بی سی سی آئی ایوارڈز کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پچھلے 2 سے 3 سال میں پاک بھارت میچز پر بہت بات کی ہے، چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے بارے میں ہماری طرف سے کوئی خاص ذکر نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم صرف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں یہ سوچ کر نہیں جارہے کہ 23 فروری کو سب سے اہم میچ ہے، سمجھتا ہوں چیمپئنز ٹرافی میں پانچوں میچز بڑے اہم ہیں، دبئی میں ہمارا مشن چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں ہمارا مشن صرف ایک میچ نہیں ہے، جب بھی پاک بھارت ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں تو جذبات بہت زیادہ ہوجاتے ہیں۔