چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کےعوام کی فلاح وبہبود اور سیکیورٹی اولین ترجیح ہے اور نام نہاد دوست نما دشمن جان لیں کہ انہیں ہماری قابل فخر قوم کے عزم اور مسلح فوج کی مزاحمت سے ہر صورت شکست ہو گی۔
پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہفتے کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبائی سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ بریفنگ میں اعلیٰ عسکری اور انٹیلی جنس حکام نے بھی شرکت کی۔
آرمی چیف ، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایف سی اہلکاروں کے نمازجنازہ میں شرکت بھی کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کر کے زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔
جنرل عاصم منیر نے وطن کے دفاع کیلئے جوانوں کےغیرمتزلزل عزم کو سراہا اور فوج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جو دہشت گرد اپنے غیرملکی آقاؤں کی پراکسیز کے طور پر کام کر رہے ہیں ہم ان دہرے معیار والوں کو خوب جانتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ یہ نام نہاد دوست نما دشمن جان لیں کہ انہیں ہماری قابل فخر قوم کے عزم اور مسلح فوج کی مزاحمت سے ہر صورت شکست ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن اور اپنے عوام کیلئے جب ضرورت پڑی امن دشمنوں پر جوابی وار کریں گے اور جہاں کہیں بھی آپ ہوں آپ کا تعاقب کر کے شکار کریں گے۔