حکومت کا ملک میں مہنگائی میں مسلسل کمی کا دعویٰ، وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی 7 سال کی کم ترین سطح پر آگئی، ٹماٹر، آلو، پیاز، گندم کا آٹا اور ایل پی جی سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، البتہ چینی اور زندہ برائلر مرغی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی۔ مختلف شہروں میں چینی 160 روپے فی کلو، چکن کی قیمت 530 روپے تک جاپہنچی۔
پاکستان میں مہنگائی کا جن برسوں بعد بوتل میں بند ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کا پھر دعویٰ، ہفتہ وار رپورٹ میں کہا مہنگائی کی شرح 0.36 فیصد کمی کے بعد 0.44 فیصد رہ گئی، جو 7 سال کی کم ترین سطح ہے۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 16 فیصد، پیاز 12.32 فیصد، آلو 8 فیصد اور انڈے 5 فیصد سستے ہوئے، دال چنا کی قیمت میں 3.67 فیصد، دال مونگ 1.32 فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت میں ایک فیصد کمی آئی، ایل پی جی 3.32 فیصد سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے گزشتہ ہفتے 9 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں چینی، چکن، کیلے، چاول، کوکنگ آئل، گھی اور بیف شامل ہیں۔ ایک ہفتے میں چینی 4 روپے 93 پیسے فی کلو مہنگی، اوسط قیمت 145.50 سے بڑھ کر 150.43 روپے کلو ہوگئی، مختلف شہروں میں 160 روپے فی کلو تک بھی فروخت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق زندہ برائلر چکن 4 روپے فی کلو مہنگا ہوا، اوسط قیمت 445 روپےتک جاپہنچی، بعض شہروں میں زندہ برائلر مرغی 530 روپے فی کلو میں فروخت ہوتی رہی۔
گیلپ پاکستان نے گزشتہ ہفتے ایک سروے میں بتایا تھا کہ پاکستانی عوام کو مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعووں پر یقین نہیں۔