پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جو نیلسن مینڈیلا آئے ہیں پہلے اپنے بھائی سے حساب لیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی رخصت کے باعث ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے مقدمے کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران ڈیوٹی جج نے ریمارکس دیئے کہ جیسے سیاست دانوں میں نگران ہوتے ہیں ججز میں بھی ہوتے ہیں اور آج میں انسداد دہشت گردی عدالت کا نگران جج ہوں۔
عدالت نے پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے فرد جرم کیلئے 21 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو نیلسن منڈیلا آئے ہیں، پہلے اپنے بھائی سے حساب لیں، لوگوں کے ساتھ اتنی زیادتیاں ہوئیں کہ وہ خودکشیوں پر مجبور ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگوں کی نوکریاں ختم ہو گئیں اور اساتذہ کو مارنا شروع کر دیا گیا ہے جبکہ عوام گیس اور بجلی کے بل بھی ادا نہیں کر سکتے، جو یہ کر رہے ہیں اس کا حساب الیکشن میں دینا پڑے گا۔