ایندھن کی کمی کی وجہ سے پاکستان ائیر لائن ( پی آئی اے ) کا فلائٹ آپریشن تاحال شدید متاثر ہے۔
منگل کے روز بھی پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
شیڈول کے مطابق منگل کو کراچی اسلام آباد کی 4، کراچی تربت کی2، لاہور کی 3 ، کراچی سکھر، کراچی کوئٹہ کی 4، دمام کراچی، لاہور کوئٹہ کی 2 ، اسلام آباد دبئی کی 2 اور ابوظہبی کیلئے بھی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسلام آباد سے گلگت کیلئے 4 ، اسلام آباد کوئٹہ، اسکردو کی بھی 4، اسلام آباد سے گلگت اور سکھر کیلئے آنے جانے کی 4 اور دوحہ اسلام آباد کی پرواز بھی منسوخ ہو گئی۔
ملتان سے ریاض کی 2 جبکہ دبئی کی ایک پرواز منسوخ کی گئی ہے۔
سیالکوٹ سے شارجہ کیلئے دو طرفہ دونوں پروازیں، پشاورسے ریاض اور شارجہ کے لیے دو طرفہ 4، دبئی اور ابوظہبی کے لئے پشاور کی دونوں پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
پروازوں کے منسوخ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او ) کا پی آئی اے کو جتنے پیسے اتنے فیول کی فراہمی والا معاملہ جاری ہے، پی ایس او نے پندرہ روز قبل ایندھن فراہمی یومیہ بنیاد پر کرنے کی شرط رکھی تھی۔
پی ایس او سے ایندھن کی یومیہ ادائیگی سے قومی ائیر لائن کے کیش فلو میں بھی مسائل آئے ہیں۔
ترجمان پی ایس او کے مطابق پی آئی اے کسی پریشانی سے بچنے کے لیے شام تک مزید فنڈ جاری کرے ، مزید ادائیگی نہ ہوئی تو فیول کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔