مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیا اور عدالت کی جانب سے لیگی قائد کی دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
احتساب عدالت نے جائیداد ضبطی کی کارروائی ختم کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس بھی جاری کر دیئے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے سامنے پیش ہو ئے تو قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے توشہ خانہ ریفرنس میں ان کے وارنٹ ختم کرنے کی درخواست کر تے ہوئے مؤقف اپنایا کہ وارنٹ ختم ہوں گے تو ٹرائل آگے چلے گا۔
عدالت نے نواز شریف کے وارنٹ ختم کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی اور انہیں حاضری لگا کر واپس جانے کی اجازت دی۔
سماعت کے دوران نوازشریف کے پلیڈر محمد عرفان پیش ہوئے اور بتایا کہ دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرا دیئے ہیں۔
عدالت نے جائیداد ضبطی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے جبکہ کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی ، آئندہ سماعت پر ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔
سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس پر جج محمد بشیر نے وکیل صفائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ جب کافی لوگ جمع ہوں تو مزا بہت آتا ہے ‘، وکیل صفائی قاضی مصباح بولے لوگ ان کے پیچھے اکٹھے نہیں ہوتے جن پر انہیں اعتماد نہ ہو۔
جج نے وکیل صفائی کو روکتے ہوئے کہا کہ ’بس اب آپ سیاسی بات کر رہے ہیں ‘ جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔