ملتان کے علاقے فہد ٹاؤن میں گیس ٹینکر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ خوفناک آتشزدگی کے باعث جھلس کرجاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 39 افراد زخمی ہیں۔ ٹینکر میں لگنے والی آگ کی لپٹیں اور دھویں کے گہرے بادل دوردورسے دکھائی دیئے۔
ملتان میں رات گئے گیس سے بھرے ٹینکرمیں خوفناک دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، ایل پی جی گیس سے بھرے ٹینکر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے آگ لگنے کے نتیجے میں ہونے والی آتشزدگی سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 39 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ نشتراسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
فائربریگیڈ کی 18 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابوپایا۔ دھماکے سے متعدد مکانوں کی چھتیں گرگئیں۔ دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند ہے۔ علاقے میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ مزید زخمیوں کی تلاش کیلئے علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کمشنرملتان عامر کریم نے کہا کہ آتشزدگی کےباعث علاقے میں بجلی اورگیس کی سپلائی بند کردی گئی، ریسکیو سمیت فائربریگیڈ کی 18 گاڑیوں نے پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پرقابوپایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اور کولنگ کے عمل کے مکمل ہونے تک صورتحال کو کنٹرول کیا جائے گا۔
نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، نشتر اسپال کے ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد کی زیر قیادت اضافی بستروں اور عملے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 5 افراد جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے، ان کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹینکرمیں آگ لگنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔۔علاقے میں مزید زخمیوں کے خدشہ کے پیش نظرسرچ آپریشن جاری ہے۔