مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی پاکستان کو دعوت نہیں آئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے طور پر امریکا گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دورہ امریکا پر موجود ہیں اور وہاں انہوں نے ارکان کانگریس جوولسن اور روب بریسنہان سے ملاقاتیں بھی کی ہیں جبکہ رواں ہفتے سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیان دیا تھا کہ ’ محسن نقوی حکومتی نمائندے کے طور پر امریکا گئے ہیں ‘۔
تاہم، ہفتے کے روز سماء ٹی وی کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے طور پر امریکا گئے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کی پاکستان کو دعوت نہیں آئی۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ہمیں دعوت آئی ہوتی تو ہم بھی غور کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں امریکا سے تعلقات کیلئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا امریکا کا دورہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے امریکا سے تعلقات میں کشیدگی نہیں ہے اور امریکا کسی فرد کیلئے پاکستان سے دوریاں پیدا نہیں کرنا چاہے گا کہ اس کے مفادات مجروح ہوں۔