پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایرانی عوام کے تعلقات صدیوں پرمحیط ہیں۔ ہم دیرینہ دوستانہ تعلقات کو معاشی تعاون میں نہیں بدل سکے۔
لاہور میں مسلم لیگ نون کے رہنما محمد مہدی کے عصرانہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ گذشتہ مالی سال دو ارب چالیس کروڑ ڈالر کی دو طرفہ تجارت رہی۔ مشترکہ کرنسی اور بارٹر ٹریڈ سے تجارتی حجم دس گنا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض بدخواہ پاک ایران کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کریں گے لیکن دونوں ممالک کی قیادت اورعوام ایسی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورایران کے مفادات اور خطرات مشترک ہیں ۔
دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات ان خطرات کو کم کرسکتے ہیں۔ پاکستانی گندم، چاول، گوشت اور ٹیکسٹائل کی ایران میں بہت مانگ ہے جبکہ ایرانی تیل اور گیس کی پاکستان میں بہت ضرورت ہے۔ ایران ٹریکٹر اور زرعی آلات بھی پاکستان کو ایکسپورٹ کر سکتا ہے۔
فلسطین ایشو پر بات کرتے ہوئےکہا کہ عرب ممالک کے صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات ایک سٹریٹجک غلطی ہے ۔ اسرائیل تمام عرب خطے کو اپنا علاقہ سمجھتا ہے۔ اس مقصد کے لئے صیہونی مغربی کنارے سے فرات تک قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور عرب ممالک اسرائیل کی توسیع پسندی کو روک نہیں پائیں گے۔