پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں باولے کتوں نے چند گھنٹوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کو کاٹ لیا۔
پیر کے روز راولپنڈی کے راجہ بازار اور گردونواح میں باولے کتوں کی جانب سے چند گھنٹوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کو کاٹنے کے واقعات سامنے آئے اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی کل تعداد 39 تھی جن میں 4 کی شناخت نہ ہوسکی تاہم دیگر 35 افراد میں زیشان، محمد ریحان، حق نواز، آصف، سکندر، جان محمد، سعدیہ، حفیظ، مشتاق، افضال، راحیل، گلاب خان، شاہ رخ، عمران، ثاقب، عرفان، عزیز، عباد، رفاقت، یعقوب، عابد، آصف، محمد علی، احمد خان، علی، حمیداں، نیاز اللہ، روہیب ، حلیم، ارش، ہدایت اللہ، احمد، گل شیر، شفیق، قدیر شامل ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں زیادہ افراد کو اینٹی ریبیز ویکسین کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں باولے کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور میونسپل کارپوریشن سمیت تمام ادارے شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے اور انہیں محفوظ بنایا جائے۔