ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے الگ ، الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
پیر کے روز دورہ پاکستان پر موجود ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری ایوان صدر پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا جبکہ دونوں برادرممالک کی جانب سے باہمی مفاد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کو مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے غزہ اور لبنان پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔
آرمی چیف سے ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر میجر جنرل محمد باقری نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔