پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان کی نئی ٹیم نظر آئے گی، پاور پلے میں چھکے مارنے کیلئے زیادہ پروٹین لینا ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔
افغانستان کیخلاف میچ سے قبل چنئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ کوئی بڑی اننگ نہیں کھیل پا رہا لیکن جہاں میں نے پرفارم کیا ہے پاکستان زیادہ تر وہاں میچ جیتا ہے۔
اوپنر بیٹر کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس اس بات پر ہے کہ کل میچ جیتنا ہے اور میچ کیلئے سب بہت پر جوش ہیں۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں ہم نے اپنے آخری دو میچز اچھے نہیں کھیلے ہیں تاہم، افغانستان کے خلاف کم بیک کریں گے اور پاکستان کی نئی ٹیم نظر آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہم جانتے ہیں کہ فیلڈنگ ناقص رہی اور اہم کیچز ڈراپ ہوئے تاہم پریکٹس کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ اپنی غلطیوں پر قابو پائیں، کرکٹ میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ امام الحق بھی دولہا بننے کو تیار، شادی کی تاریخ سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ بھارت میں میدان چھوٹے اور وکٹیں بیٹنگ کیلئے اچھی ہیں اس لئے ہر میچ میں بڑے اسکور بن رہے ہیں۔
اوپنر بیٹر کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں صرف ہمارے نہیں بلکہ ہر ٹیم کے باؤلرز کو مار پڑ رہی ہے اس کے باوجود ہماری باؤلنگ اب بھی بہت اچھی ہے اور شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار باؤلنگ کی، چنئی میں وکٹ اسپنرز کو مدد دیتی ہے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی ٹیم ہے جو ہمیشہ کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہم نے کئی مرتبہ 350 رنز ہدف کامیابی سے حاصل بھی کیا ہے، ہم دو میچز ہارے ہیں لیکن کسی قسم کا دباؤ نہیں لے رہے ، گزشہ دونوں میچز میں ہم نے شروعات اچھی کی تھی لیکن ہمارا مڈل آرڈر ناکام رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کپتان بابر اعظم کریں گے۔