انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے 21 ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرا کر میگا ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، ویرات کوہلی نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ اور میزبان بھارت کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے 21 ویں میچ میں دھرم شالہ میں مدمقابل تھیں جہاں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کیویز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کیلئے 274 رنز کا ہدف دیا، بھارت نے مطلوبہ ہدف 48 اوور میں 6 وکٹ پر پورا کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح تک پہنچایا گیا، وہ 95 رنز بناکر چھکا لگانے کی کوشش میں اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کیئے صرف 5 رنز درکار تھے۔
ویرات کوہلی کی اننگز 104 گیندوں پر مشتمل تھی جس میں 2 چھکے اور 8 چوکے بھی شامل تھے۔ رویندرا جڈیجا 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل بھارتی اوپنرز کپتان روہت شرما 46 اور شبمن گل 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے، شریاس ائیر 33 اور کے ایل راہول 27 رنز بناسکے، سوریا کمار یادیو 2رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 2، ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہنری، مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارتی بولر محمد شامی کو 54 رنز کے بدلے 5 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ڈیرل مچل نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، راچن رویندرا بھی 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز ڈیون کانوے بغیر کوئی رنز بنائے اور ول ینگ 17 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے ، ٹام لیتھم 5 رنز بناسکے، گلین فلپس نے 23، مارک چیپمین نے 6، مچل سینٹنر اور لوکی فرگوسن نے ایک ایک رن بنایا، میٹ ہینری بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کلدیپ یادیو نے 2، جسپریت بومرا اور محمد سراج نے ایک ایک شکار کیا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں ابھی تک ناقابل شکست ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔