بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں اسپیشل جج سینٹرل کا بریت مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکوٹرٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 14 نومبر کا توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بری کیا جائے۔
درخواست میں اسپیشل جج سینٹرل، ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس کو مزید انکوائری کا کیس قرار دے دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق بلغاری سیٹ کا تحفہ توشہ خانہ میں جمع نہ کرانے پر کارروائی بنتی ہی نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ رولز کے مطابق تحفے کی رسید جمع نہ کرانے پر کارروائی کی جا سکتی تھی اور جب تحفہ جمع نہ کرانے پر کارروائی ہو ہی نہیں سکتی تو یہ مزید انکوائری کا کیس ہے۔