چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ ایک سونوے ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ جج صاحب نے اپنی مرضی سے مؤخر کیا۔یہ کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس ایک سیاسی بنیاد پر قائم مقدمہ ہے جس کا غیرشفاف ٹرائل چلاکر بانی پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی۔ القادرٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم نے کوئی فائدہ اٹھایا نہ حکومت کو کوئی نقصان ہوا، اگر فیصلہ اںصاف پر ہوتا تو آج وہ بری ہوجاتے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ اگرسیاسی اور دباؤ کے تحت فیصلے دینے ہوں تو وہ نوشتہ دیوار ہوتے ہیں، ان عدالتوں سے نہیں مگر اعلٰی عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، خان صاحب جھکیں گے نہیں،ڈٹے رہیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخرہونے کا مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں بلکہ اپنے کیسز لڑ کر عدالتوں سے سرخرو ہونگے۔