جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان جنوبی افریقا میں مسلسل تیسری بار وائٹ واش ہوا ہے اور مسلسل نویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 478 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 58 رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 7.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
افریقی اوپنرز ڈیوڈ بیڈنگھم اور ایڈن مارکرم نے بالترتیب 44 اور 14 رنز کی اننگز کھیلیں۔
چوتھے روز کا کھیل
اس سے قبل پاکستان نے چوتھے روز اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 213 رنز سے کیا تو کپتان شان مسعود 103 اور خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم، خرم شہزاد 18 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
بعدازاں، کامران غلام بھی 28 رنز پر پویلین لوٹ گئے اور کپتان شان مسعود بھی 145 رنز کی شاندار اننگ کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
دیگر کھلاڑوں میں سلمان آغا 48 ، رضوان 41 ، عامر جمال 34، خرم شہزاد 18 اور میر حمزہ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگ میں 615 رنز بنائے تھے جبکہ قومی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 194 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔
پہلی اننگ میں 259 رنز سکور کرنے والے فاتح ٹیم کے کھلاڑی ریان ریکلٹن پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ مارکو ینسین کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔