دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی تعمیر کو 15 سال مکمل ہوگئے، اس موقع پر عمارت میں قائم جائیدادوں کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات جاری کردی گئیں۔
اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق برج خلیفہ میں جائیداد کی اوسط قیمتیں شہر بھر کی عمارتوں کی قیمتوں کے مقابلے میں 78.5 فیصد زیادہ ہیں۔
ایک بیڈ روم والے یونٹ کا سالانہ کرایہ فرنیچر اور فلور کے حساب سے ایک لاکھ 50 ہزار سے ایک لاکھ 80 ہزار درہم کے درمیان ہے۔ یہ اعداد و شمار تازہ ترین انڈسٹری رپورٹس میں جاری کئے گئے ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ریئل اسٹیٹ کنسلٹنسی فرم نائٹ فرینک کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024ء کے آخر میں برج خلیفہ میں جائیداد کی اوسط قیمتیں 3 ہزار درہم فی مربع فٹ (9 ہزار درہم فی مربع گز) رہیں، اس حساب سے 100 گز کے اپارٹمنٹ کی قیمت 9 لاکھ درہم (تقریباً 6 کروڑ 75 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
اس کے مقابلے میں دبئی بھر میں جائیداد کی اوسط قیمت 1680 درہم فی مربع فٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس حساب سے 100 گز کے اپارٹمنٹ کی قیمت 5 لاکھ 4 ہزار درہم (تقریباً 3 کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
نائٹ فرینک میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کیلئے تحقیق کے سربراہ اور پارٹنر فیصل درانی نے کہا کہ برج خلیفہ کے دنیا کی سب سے بلند عمارت ہونے کے 15 سال ایسے وقت میں مکمل ہوئے ہیں جب دبئی کی رہائشی مارکیٹ ریکارڈ طلب اور ترقی کا تجربہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں جائیداد کی قیمتیں 2023ء کے مقابلے میں سال کے آخر تک 19.1 فیصد بڑھ گئیں، برج خلیفہ 12.9 فیصد ترقی کے ساتھ زیادہ پیچھے نہیں رہا۔
کنسلٹنسی فرم کے مطابق دبئی میں 2010ء سے اب تک مجموعی طور پر 1.77 کھرب درہم کی رہائشی جائیدادوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جس میں سے 0.5 فیصد برج خلیفہ کا حصہ ہے۔
کنسلٹنسی کا کہنا ہے کہ اسے آسان الفاظ میں سمجھا جائے تو گزشتہ 15 سال میں دبئی میں رہائشی جائیدادوں پر خرچ ہونیوالے ہر 200ویں درہم میں سے ایک دنیا کی سب سے بلند عمارت میں حصہ داری پر خرچ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 2010ء میں افتتاح کے بعد سے برج خلیفہ نے دبئی میں گھروں کی فروخت میں 8.8 ارب درہم کا حصہ ڈالا، جو شہر کی کسی بھی ایک عمارت کیلئے سب سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب 2024ء میں برج خلیفہ میں کرائے دوبارہ 2015-2016 کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئے۔
پراپرٹی بروکریج فرم بیٹر ہومز کے مطابق 2015-2016 میں ایک بیڈروم اپارٹمنٹ کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار درہم سے تجاوز کرگیا، 2024ء میں ایک بیڈروم یونٹ کا سالانہ کرایہ ایک لاکھ 50 ہزار سے ایک لاکھ 80 ہزار درہم کے درمیان رہا جو فرنیچر اور فلور پر منحصر ہے۔