جے شاہ کی آئی سی سی کا چیئرمین منتخب ہو نے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی کی نئی چال سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنے ہاتھوں میں لینے کا منصوبہ بنا لیا۔ تینوں بورڈ نے ایک دوسرے کے ساتھ بارڈر گواسکر ٹرافی کی طرز پر زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پلان ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن کے درمیان اس ماہ کے آخر میں ملاقات کا امکان ہے۔
ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا دو رویہ اسٹرکچر ایجنڈے میں شامل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دو رویہ کا پلان موجودہ 2027ء تک کے ایف ٹی پی کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مزید ایک اور سائیکل تک جاری رہ سکے گی۔
خیال رہے کہ دو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کا پلان 2016ء میں آئی سی سی میں زیرِ بحث آیا تھا، 2016ء کے پلان کے مطابق 7 ملک ٹاپ ڈویژن جبکہ 5 سیکنڈ رینک میں مقابلہ کریں گے۔ اس وقت بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ 2 ڈویژن سسٹم سے چھوٹے بورڈز کا مالی نقصان ہوگا۔