نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں امریکی پرچم سرنگوں رہے گا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے دوران امریکا پرچم سابق صدر جمی کارٹر کے احترام میں سرنگوں رہے گا، جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کی ہے جبکہ وائٹ ہاؤس نے واضح کردیا ہے کہ فیصلے پر نظر ثانی نہیں ہوگی۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے جمی کارٹر کے احترام میں 29 دسمبر سے 30 روز کے لیے کیپٹول سمیت تمام وفاقی اداروں میں قومی پرچم سرنگوں کرنے کے احکامات جاری کر دیے تھے۔
سابق صدر کی وفات کے بعد قومی پرچم اتنے عرصے کے لیے سرنگوں رکھنے کا اقدام 1954 کے بعد کیا گیا ہے۔
ری پبلکنز کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے اور جب تک امریکا کا قومی پرچم 30 روز تک سرنگوں رکھنے کا دورانیہ مکمل نہیں ہوگا۔
دونلڈ ٹرمپ نے اس اقدام پر اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ ڈیموکریٹس ہمارے قومی پرچم کی توہین کر رہے ہیں اور ممکنہ طور پر میری حلف برداری کے موقع پر سرنگوں رہے گا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں ڈیموکریٹس کے صدر کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے کو عظیم گردانتے ہیں اور بہت خوش ہیں لیکن حقیقت میں وہ ہمارے ملک سے پیار نہیں کرتے ہیں اور صرف اپنا سوچتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیری نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر جوبائیڈن اس فیصلے کو بدلنے یا پرچم کو سرنگوں نہ کرنے کے لیے نظرثانی نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر 100 سال کی عمر پا کر گزشتہ ہفتے انتقال کرگئے تھے اور ان کا جسد خاکی 7 جنوری سے 9 جنوری تک اسٹیٹ میں کیپٹول روٹنڈا پر رکھا جائے گا اور ان کی آخری
رسومات کا آغا ان کی آبائی ریاست جیورجیا میں رواں ہفتے شروع ہوں گی۔