امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا راکٹ کی طرح ٹیک آف کرے گا۔
فلوریڈا میں اپنی حالیہ پریس کانفرنس کے دوران نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن نے افغانستان سے فوج کے انخلا کو بری طرح سے ہینڈل کیا اور وہاں اربوں ڈالر کا نیا فوجی ساز و سامان چھوڑ دیا۔
نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ جب میں اقتدار میں تھا تب ہماری کسی سے کوئی جنگ نہیں تھی لیکن اب میں ایک ایسی دنیا میں جا رہا ہوں جو جل رہی ہے اور امریکہ کو مشکل صورتحال ورثے میں مل رہی ہے، ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور شرح سود بہت زیادہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ جوبائیڈن کے دور میں آف شور ڈرلنگ پر عائد کی جانے والی پابندی ختم کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دن آئے گا کہ سمندر کنارے تیل اور گیس کی کھدائی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دبئی کی فرم نے امریکا میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے اور میرے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا راکٹ کی طرح ٹیک آف کرے گا جبکہ میری جیت سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میکسیکو دنیا کی خطرناک ترین جگہ ہے اور اب میکسیکو اور کینیڈا کو سخت ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ہم خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرکے خلیج امریکا رکھ دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو معاشی استحکام کیلئے گرین لینڈ اور پاناما کینال کی ضرورت ہے۔