پاکستان کے نوجوان بلے باز سائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ فیلڈنگ کے دوران دائیں ٹخنے میں موچ آنے کے باعث وہ مزید میچ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، سائم ایوب کی انجری کے بعد ایکس رے اور ایم آر آئی کیے گئے، جن کی رپورٹس مزید تشخیص کے لیے لندن کے ماہرین کو بھیج دی گئی ہیں۔
ماہرین کی رائے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ سائم کو مکمل صحت یابی کے لیے کتنا وقت درکار ہوگا اور وہ کب دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے۔
پی سی بی حکام نے سائم کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ کھلاڑی کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کا آج سے کیپ ٹاؤن میں ہو رہا ہے۔ جنوبی افریقہ سنچورین ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ایک صفر کی نا قابل شکست برتری رکھتا ہے جب کہ قومی ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہوگی۔
جنوبی افریقہ سیریز ہار نہیں سکتا اور ڈرا میچ بھی پروٹیز کو سیریز کا فاتح بنا دے گا تاہم پاکستان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ جیت کر سیریز کو برابر کر سکتا ہے۔