الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) میں اثاثوں کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے سینیٹرز اور ارکان قومی صوبائی اسمبلی کے نام سامنے آگئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 517 پارلیمنٹیرینز اور صوبائی اسمبلی کے ارکان نے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرائے جبکہ 15 جنوری تک تفصیلات جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں وزیراطلاعات عطا تارڑ، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن، سربراہ میپ محموداچکزئی، پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم، ن لیگی رہنما امیرمقام، مبارک زیب خان ، انجم عقیل خان، شیخ آفتاب اور شہرام ترکئی شامل ہیں۔
عبدالغفور حیدری ، خورشید شاہ، فاروق ستار، نبیل گبول ، بیرسٹر عقیل ملک ، دانیال چوہدری ، زین قریشی، علی موسیٰ گیلانی، تہمینہ دولتانہ اور اعجازالحق نے بھی گوشوارے جمع نہیں کرائے ۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے ساتھ رانا محمود الحسن، فاروق ایچ نائیک، حامد خان، سیف اللہ نیازی ، ایمل ولی اور انوارالحق کاکڑنے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے۔
پنجاب اسمبلی کے 208، سندھ اسمبلی کے 55، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 91 اور بلوچستان اسمبلی کے 25 ارکان نے بھی اثاثوں کی تفصیلات نہیں دیں۔
الیکشن کمیشن نے 15 جنوری تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔