کے پی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ عطاء تارڑ روزانہ کوئی ایسی بات کرجاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہوجاتی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کا کل قرض 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر ماہ اتنا قرض لیتا ہے، صحافی اسلام آباد میں غیر محفوظ ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کرجاتے ہیں جس سے انکی نااہلی عیاں ہوجاتی ہے، عطاء تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کرکے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے، شہباز شریف کے صرف دو سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے۔
کے پی ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے، صوبے میں صحافیوں کیخلاف کارروائی کی بات بھی مضحکہ خیز ہے، صحافی تو اسلام اباد میں محفوظ نہیں، مطیع اللہ جان کی مثال سب کے سامنے ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ گزشتہ 9 مہینوں میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔