فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف سال 2024 کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری رہیں۔
پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے جس میں افواجِ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف سال 2024 کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری رہیں۔ اس دوران 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جو گزشتہ پانچ برس میں کسی ایک سال میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
سال2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 59,775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں بشمول خوارج کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سینکڑوں گرفتار کیے گئے۔
دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 169 سے زائد آپریشنز افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔
اس عرصے کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دُشمن کے نیٹ ورکس پکڑنے اور دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں بھی اہم کامیابیاں ملی۔
ان کارروائیوں میں دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں بیرونی ساختہ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشنز کے دوران 73 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے ساتھ دہشتگردی میں ملوث 27 افغان دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بناتے ہوئے جہنم واصل کیا۔