عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے مگر سب سے زیادہ استعمال کرنے والے ممالک میں مانگ کے خدشات کی وجہ سے وہ مسلسل دوسرے سال کم ہونے کے راستے پر ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل برینٹ آئل 74 ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 71 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت میں 3.2 فیصد جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 0.1 فیصد کمی ہوئی ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی کے زیراثر پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے لیکن ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) یکم جنوری 2025 سے اگلے پندرہ دن تک 3.62 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں طلب اور رسد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم جغرافیائی سیاسی صورتحال، خاص طور پر شام کی صورت حال اور نئی امریکی قیادت عالمی مسائل سے کس طرح نمٹے گی، اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے اس وقت پی او ایل کی قیمتیں بدل رہی ہیں۔
پیٹرولیم پر پریمیم 8.69 ڈالر فی بیرل لگتا ہے ، تاہم ڈیزل کی قیمت میں 3.62 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر سے زائد کی کمی پر کام کیا گیا ہے۔
اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت 250 روپے 20 پیسے فی لیٹر رہ سکتی ہے جبکہ 3.62 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد ڈیزل کی قیمت 259 روپے فی لیٹر رہنے کا امکان ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی نئی قیمت کا تخمینہ 3 روپے 30 پیسے مقرر کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 3.03 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 151.97 روپے فی لیٹر ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.05 روپے فی لیٹر کا معمولی اضافہ ہوکر 161.71 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔