پاکستان میں نئے سال 2025 کا آغاز ہوگیا ہے اور سماء اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔
2024 الوداع ، 2025 خوش آمدید ، نئے سال کا آغاز ہوگیا، اے خدا خیر کی خبروں کے اُجالے رکھنا، ارض پاک کی سلامتی، ترقی ، امن اور استحکام کی دعاؤں کے ساتھ آئیں نفرتیں اور کدورتیں مٹائیں ، سب مل کر پاکستان کو عظیم سےعظیم تر بنانے کا عزم کریں۔
نئے سال کا استقبال
ملک بھر میں نئے سال کا استقبال مختلف مقامات پر آتش بازی کر کے کیا گیا، کراچی ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا جس سے آسمان جگمگا اٹھا جبکہ عوام نے نئے سال سے نئی امیدیں باندھ لیں اور وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔
2025 کا آغاز ہوتے ہی منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور نئے سال کی خوشی میں خوب ہلہ گلہ کیا تاہم، انتظامیہ اور پولیس ہلڑ بازی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے تیار رہی۔
کراچی میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی اور ہوائی فائرنگ اور ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہاؤس میں نئے سال کے موقع پر خصوصی محفل سماع کا انعقاد کیا گیا۔
پارک ویو سٹی اسلام آباد
پارک ویو سٹی اسلام آباد میں سال نو کا جشن شاندار انداز میں منایا گیا جبکہ شہر اقتدار کی خوبصورت ترین لوکیشن رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھی اور ملکی تاریخ کی سب سے بڑی آتش بازی کی گئی۔
معروف فوڈ چینز کے کھانوں کے ساتھ میوزک کا بھی تڑکا لگا جبکہ جڑواں شہروں کے باسی اور سیاح جوق در جوق پارک ویو سٹی پہنچے۔
پارک ویو سٹی میں معروف فوڈ چینز کے خصوصی اسٹالز سجائے گئے اور ملک کے نامور سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
نئے سال کا جشن منانے کے لئے لاہوریوں نے مینار پاکستان اور دیگر اہم مقامات کا رخ کیا۔
دنیا میں نئے سال کا آغاز
نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، جاپان ، ہانگ کانگ ، تائیوان اور تھائی لینڈ میں 2025 کا شاندار استقبال کیا گیا اور سڈنی ہاربر اور آکلینڈ میں شاندار لائٹ شو جبکہ ٹوکیو میں رنگ ونور کی برسات اور ہانگ کانگ میں وکٹوریا ہاربر پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
بنکاک میں دریا کنارے لوگوں کا جوش وخروش دیدنی تھا اور چہروں پر خوشیاں ہی خوشیاں نظر آئیں جبکہ سب نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔