پاکستان ٹیلی ویژن کی سُپر اسٹار اداکارہ ہانیہ عامر نے امریکا میں ایونٹ آرگنائزرز پر بدسلوکی کا الزام عائد کردیا۔ انسٹاگرام پوسٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ منتظمین نے انہیں اور ٹیم کو گالیاں دیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہانیہ عامر نے حالیہ دنوں میں امریکا کے شہر ڈٰلاس میں ’’مِیٹ اینڈ گریٹ‘‘ تقریب میں شرکت کی تاہم ایونٹ اس وقت ختم کردیا گیا، جب اداکارہ ایونٹ اچانک سے چھوڑ کر چلی گئیں۔
ہانیہ عامر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں امریکا میں پیش آنیوالے واقعے سے متعلق اور ایونتٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
ہانیہ عامر نے اپنی اسٹوری میں انکشاف کیا کہ امریکا میں ایونٹ آرگنائزرز کی جانب سے اُنہیں اور اُن کی ٹیم کے ساتھ گالم گلوچ کی گئی۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ آرگنائزرز کے ایک رکن نے اُن کی منیجر سے بدسلوکی کی اور اُن کی سیکیورٹی پر سمجھوتا کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہی تھیں تو اس دوران ایونٹ آرگنائزر نے اُن کی منیجر کو گالیاں دینا شروع کردیں، جس کے بعد وہ معاملے کو سمجھنے کیلئے وہاں گئیں لیکن صورتحال جلد ہی قابو میں آگئی۔
ہانیہ عامر نے الزام لگایا کہ آرگنائزر نے اُن سے اور اُن کی ٹیم سے براہ راست بدتمیزی کی جس سے غیرمحفوظ ماحول بن گیا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہم نے بیک اسٹیج پر جاکر دوبارہ سے تصاویر بنوانا شروع کیں تاہم اس دوران آرگنائزر ایک مرتبہ پھر سے ہمارے پیچھے آگیا، ہم پر چلانے لگا اور کہنے لگا کہ یہاں سے چلے جائیں۔