پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنالیئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں ٹونی ڈی زورزی اور ایڈن مرکرام نے کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ بیٹسمین ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پولین لوٹ گئے ۔
ان کے بعد ریان ریکلٹن خرم شہزاد کی گیند کا نشانہ بنے اور وہ کوئی سکور بنانے میں کامیاب نہ ہو پائے ۔ ان کے بعد ٹرسٹین سٹبز ایک سکور پر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔
قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے 301 رنز کے جواب میں 237 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا ۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 84 رنز بنا کر سرفہرست رہے جبکہ ان کے علاوہ بابراعظم نے نصف سینچری بنائی ، صائم ایوب 27 اور شان مسعود 28 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگ میں مارکو جانسن نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز دیتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ ربادا نے 2 ، کوربن بوش اور ڈین پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
جنوبی افریقہ نے پہلے ٹاس جیت کر فیلدنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر قومی ٹیم 211 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ، پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ عامر جمال 28 ، شان مسعود 17 ، صائم ایوب 14 ، محمد رضوان 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
پاکستان کے 211 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 301 رنز کی اننگ کھیلی اور 90 رنز کی برتری حاصل کی جس میں ایڈن مرکرام 89 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوش نے 81 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ ٹیمبا باووما نے 31 اور ڈیوڈ نے 30 رنز بنائے ۔